مہوش حیات آرٹسٹ بن کر ٹیپ سے دیوار پر’کریلا‘ چپکانے کی خواہاں

10 دسمبر 2019
اگر امریکا میں کیلا ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تو کیلا کتنے میں ہوگا؟ مہوش حیات—فوٹو: انسٹاگرام/ شٹر اسٹاک/ سی این این
اگر امریکا میں کیلا ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تو کیلا کتنے میں ہوگا؟ مہوش حیات—فوٹو: انسٹاگرام/ شٹر اسٹاک/ سی این این

دو روز قبل امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک آرٹ میوزیم میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے کیلے کو ایک کامیڈین آرٹسٹ کھا گئے تھے اور اس کیلے کی ممکنہ قیمت ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر سے ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک بتائی جا رہی تھی۔

منتظمین کو امید تھی کہ آرٹ میوزیم میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا کیلا ڈیڑھ لاکھ ڈالر یعنی پاکستانی 2 کروڑ 30 لاکھ روپے تک فروخت ہو جائے گا، کیوں کہ مذکورہ کیلے سے قبل اسی میوزیم میں 2 کیلے تقریبا پاکستانی ساڑھے 4 کروڑ روپے میں فروخت ہو چکے تھے۔

آرٹ میوزیم میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے تینوں کیلے اٹلی نژاد امریکی آرٹسٹ موریزیو کیٹیلن کے تھے جنہوں نے کئی سال تک سوچنے کے بعد اسی طرح کیلوں کو میوزیم میں پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیپ کی مدد سے دیوار سے چپکا ’کیلا‘ 2 کروڑ روپے سے زائد میں فروخت

اٹالین نژاد آرٹسٹ نے پھل فروش سے تین تازہ کیلے خرید کر انہیں میوزیم کی دیوار پر ٹیپ سے چپکا دیا تھا اور ان کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر سے ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک رکھی تھی اور ان کے دو کیلے ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوگئے تھے۔

آرٹ میوزیم میں فروخت کے لیے تین کیلے پیش کیے گئے تھے جس میں سے 2 فروخت ہوگئے تھے—فوٹو: سی این این
آرٹ میوزیم میں فروخت کے لیے تین کیلے پیش کیے گئے تھے جس میں سے 2 فروخت ہوگئے تھے—فوٹو: سی این این

تاہم تیسرے کیلے کو فروخت ہونے سے قبل ہی امریکی کامیڈین ڈیوڈ ڈاؤٹا نے آرٹ میوزیم پہنچ کر کھالیا تھا۔

انہوں نے کیلے کو کھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی جاری کی تھی اور بعد ازاں انہوں نے اس حرکت پر معافی مانگنے سے بھی انکار کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: 2 کروڑ روپے سے زائد کا 'دیوار پر چپکا کیلا' فنکار نے کھالیا

کیلے کو کھانے والے کامیڈین ڈیوڈ ڈاؤٹا کا کہنا تھا کہ دراصل انہوں نے کیلے کو نہیں بلکہ اٹالین نژاد آرٹسٹ کے خیال کو کھایا ہے جو انتہائی لذیذ تھا۔

کامیڈین نے کیلے کھانے کی ویڈیو بھی جاری کی تھی—اسکرین شاٹ
کامیڈین نے کیلے کھانے کی ویڈیو بھی جاری کی تھی—اسکرین شاٹ

کامیڈین کے مطابق جس طرح اٹالین نژاد نے کئی ماہ تک خیالوں میں رہ کر عظیم خیال کو تخلیق کرکے ٹیپ کی مدد سے کیلے کو دیوار پر چپکا کر آرٹ پیش کیا اسی طرح انہوں نے بھی آرٹ میوزیم پہنچ کر اپنا فن استعمال کرتے ہوئے کیلے کو کھایا، اس لیے انہیں اپنے عمل پر معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 2 کروڑ روپے کا دیوار پرچپکا کیلا کھانے والے آرٹسٹ کا معافی مانگنے سے انکار

ایک عام کیلے کی کروڑوں روپے میں فروخت کی وجہ سے دنیا حیران رہ گئی تھی اور سوشل میڈیا پر اس معاملے پر اچھی خاصی بحث جاری ہے اور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ مہوش حیات نے اپنی ٹوئٹ میں ایک کیلے کے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہونے والے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دراصل اس معاملے کے بعد وہ بھی آرٹسٹ بننے کا سوچ رہی ہیں۔

مہوش حیات نے مختصر ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ خود بھی آرٹ سے محبت کرتی ہیں لیکن آج کل جن چیزوں کو آرٹ سمجھا جا رہا ہے وہ ان باتوں کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ امریکی میوزیم میں کیلے کی ریکارڈ قیمت میں فروخت کے بعد وہ آرٹسٹ بننے کا سوچ رہی ہیں اور وہ ٹیپ کی مدد سے دیوار پر کیلے کو نہیں بلکہ ’کریلے‘ کو لٹکائیں گی۔

مہوش حیات کا کہنا تھا کہ جب ٹیپ کی مدد سے دیوار پر چپکایا گیا کیلا ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر میں فروخت ہو سکتا ہے تو سوچیں کریلا کتنے میں فروخت ہوگا اور یقینا وہ اس سے اچھی قیمت میں فروخت ہوگا۔

اداکارہ کی خواہش کا مداحوں نے احترام کیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کی خواہش کا مداحوں نے احترام کیا—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں