اداکار سید صائم علی بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئے

اپ ڈیٹ 07 جولائ 2020
سید صائم علی نے سادگی سے شادی کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سید صائم علی نے سادگی سے شادی کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ملک میں پھیلی ہوئی کورونا کی وبا کے باعث اگرچہ شادی کی تقریبات پر پابندی عائد ہے تاہم پھر بھی ملک بھر میں عام افراد کی طرح شوبز شخصیات کی جانب سے بھی سادگی سے شادی کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

رواں سال لاک ڈاؤن اور قرنطینہ کے دنوں میں جہاں آغا علی اور حنا الطاف نے شادی کی تھی، وہیں فریال محمود اور دانیال راحیل بھی رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے تھے۔

حال ہی میں گلوکار ہارون رشید نے بھی خاموشی اور سادگی سے شادی کرلی تھی اور اب اداکار و پروڈیوسر سید صائم علی نے بھی خاموشی سے شادی کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: اداکار آغا علی اور حنا الطاف شریک حیات بن گئے

پروڈیوسر، ماڈل و اداکار سید صائم علی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی شریک حیات کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ انہوں نے شادی کرلی۔

سید صائم علی نے اپنی شریک حیات کے چہرے کے بغیر صرف ہاتھوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے ایک نئی زندگی کا آغاز کردیا۔

اداکار نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے نکاح کرکے نئی زندگی کی شروعات کردیں۔

اپنی شادی کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے سید صائم علی نے بتایا کہ انہوں نے 6 ماہ قبل ہی منگنی کرلی تھی اور ان کی منگنی خاندان کی جانب سے طے کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: فریال محمود اور دانیال راحیل نے خاموشی سے شادی کرلی

انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی ارینج میریج تھی جو اب پیار کی شادی میں تبدیل ہوگئی۔

سید صائم علی نے اپنی شریک حیات کے حوالے سے بتایا کہ وہ ان کے اہل خانہ کے دوست گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں ان کا گھرانہ دبئی میں رہائش پذیر ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اداکار نے بتایا کہ ان کی اہلیہ سخت پردے کی حمایتی ہیں، اسی لیے انہوں نے اپنی شریک حیات کی کوئی بھی تصویر انسٹاگرام یا سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی۔

اداکار نے بتایا کہ انہوں نے شادی کے موقع پر شریک حیات سے گزارش کی کہ ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جائے مگر انہوں نے اس کی اجازت نہیں دی، جس وجہ سے انہوں نے اہلیہ کی کوئی تصویر شیئر نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: معروف گلوکار ہارون رشید شادی کے بندھن میں بندھ گئے

اداکار نے بتایا کہ نکاح کی تقریب سادگی سے منعقد کی گئی جب کہ ولیمے کی تقریب بھی اسلام آباد مٰیں 7 جولائی کو سادگی سے رکھی گئی ہے، جس میں قریبی رشتہ دار اور دوست شرکت کریں گے۔

انہوں نے نئی زندگی کی شروعات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے نیک خواہشات کے لیے درخواست بھی کی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تبصرے (0) بند ہیں