مقبول اداکار بلال عباس خان نے کہا ہے کہ انہیں اس بات کی توقع نہیں تھی کہ ان کا ڈراما عشق مرشد اس قدر کامیاب جائے گا۔

بلال عباس خان نے عشق مرشد میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، ان کے ہمراہ در فشاں سلیم اور حرا ترین نے بھی مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

عشق مرشد کو ہم ٹی وی پر اکتوبر 2023 سے نشر کیا جا رہا ہے، اس کی پہلی قسط 8 اکتوبر کو نشر ہوئی تھی جب کہ اپریل 2024 کے اختتام تک اس کی تیس قسطیں نشر کی جا چکی تھیں۔

ہدایت کار فاروق رند کے ڈرامے کی کہانی عبدالخالق خان نے لکھی ہے۔

ڈرامے کو کہانی اور کرداروں کی وجہ سے کافی سراہا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ ڈرامے کی آخری قسط اسی ماہ سینماؤں میں دکھائی جائے گی، تاہم اس حوالے سے ڈرامے کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

حال ہی میں سینیئر اداکارہ اسما عباس نے بلال عباس سمیت دیگر اداکاروں اور آنے والے ڈرامے کی کاسٹ کا ولاگ یوٹیوب پر جاری کیا، جس میں انہوں نے بلال عباس سے عشق مرشد کے حوالے سے بھی بات کی۔

عشق مرشد کی کامیابی پر پوچھے گئے سوال پر اداکار نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں بہت پذیرائی اور عزت ملی لیکن انہوں نے ڈرامے کی اتنی کامیابی کی توقع نہیں کی تھی۔

بلال عباس کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈرامے کی اتنی کامیابی کا نہیں سوچا تھا لیکن انہیں ڈرامے کی کامیابی اور اپنی تعریفیں سن کر اچھا لگتا ہے۔

ساتھ ہی اداکار نے واضح کیا کہ وہ یوسف زئی ہیں لیکن خود کو پشتون نہیں سمجھتے بلکہ وہ مختلف قبائل کا مکسچر ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اسما عباس نے بلال عباس کی تعریفیں بھی کیں اور کہا کہ ان کے تقریبا تمام ہی ڈرامے کامیاب جاتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں