آزادی صحافی کے عالمی دن کے موقع پر غزہ میں اسرائیل کی جارحیت اور تباہ کاریوں کی ہر لمحہ رپورٹنگ کرنے والے فلسطینی صحافیوں کو ’ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی کلچرل ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کے صحافیوں کو فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کے حملے کی کوریج کرنے پر 2024 کے یونیسکو/گیلرمو کینو ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

یونیسکو کے مطابق 1997 سے ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ اُن افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے دنیا بھر میں، خاص طور پر چیلنجنگ اور خطرناک حالات میں، آزادی صحافت کے دفاع یا فروغ کے لیے قابل ذکر کوششیں کی ہیں۔

میڈیا پروفیشنلز کی انٹرنیشنل جیوری کے سربراہ ماریشیو وائیبل نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں ہم فلسطینی صحافیوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرنا چاہتے ہیں جو مشکل حالات کے باوجود ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے رپورٹنگ کر رہے ہیں۔

صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی نے یکم مئی کو کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر حملے شروع ہونے کے بعد سے 35 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں کم از کم 100 فلسطینی صحافی اور میڈیا کارکن بھی شامل ہیں۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کے مطابق 2024 میں اب تک 25 صحافی اور میڈیا ورکرز مارے جا چکے ہیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں کم از کم 20 کا تعلق فلسطین سے تھا، جب کہ کولمبیا میں دو اور پاکستان، سوڈان اور میانمار میں ایک ایک صحافی جاں بحق ہوا۔

2023 میں دنیا بھر میں جاں بحق ہونے والے 99 صحافیوں اور میڈیا ورکرز میں سے تین چوتھائی سے زیادہ اسرائیل غزہ جنگ میں جاں بحق ہوئے، جن میں سے اکثریت غزہ پر اسرائیلی حملوں میں جانں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں