کراچی میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے کل ایک روزہ جاب فیئر کاانعقاد کیا جائےگا جس میں 109 کمپنیاں، 9 ہزار سے زائد طلبا کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گی۔

کراچی میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس میں چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 109 کمپنیاں 9 مئی کو ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والے ’کیریئر کنیکٹ ’ میں حصہ لے رہی ہیں جب کہ کارپوریٹ اداروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے انٹرن شپ اور ملازمت کے لیے 9 ہزار سے زائد طلبہ کے انٹرویوز بھی لیے جائیں گے۔

طارق رفیع نے کہا اس جاب فیئر کے ذریعے سے اکیڈمی اور انڈسٹری کے درمیان تعلق قائم ہوگا، انڈسٹریز کو موقع دیا جائے گا کہ وہ آکر طلبا سے ملیں، طلبا انٹرویوز دے کر اپنی سی وی بھی ڈراپ کریں گے۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ نے جامعات میں اساتذہ کو تنخواہوں کے مسائل پر گفتگو کرتے کہا کہ جامعات کو وفاقی حکومت سے فنڈز ملتے ہیں اس کے باوجود 35 ارب روپے سندھ حکومت دیتی ہے، جامعات کی ذمہ داری ہے کہ اپنے طور پر بھی وسائل پیدا کریں، تحقیقی کام کریں اور انٹرنیشنل گرانٹس لے کر ائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے سرکاری جامعات کو گرانٹ دینے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اے کیٹیگری میں رجسٹرڈ کسی تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کروایا جائے گا۔

انہوں نے کہا سرکاری جامعات سمیت تمام نجی جامعات کا معائنہ کر رہے ہیں، تقریباً انسپیکشن مکمل ہوگئی ہے، ستمبر تک لسٹ بنائیں گے، ان کی رینکنگ کی جائے گی کہ کون سی یونیورسٹی کس نمبر پر آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی کی جانب سے پی ایچ ڈی اور ایم فل کی اسکالرشپ کے سلسلہ شروع کیا گیا ہے، ہم نے گرانٹس دینا شروع کردی ہیں۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی نظام میں بہت بہتری کی ضرورت ہے، اس کے لیے جامعات کو خود بھی محنت کرنی پڑے گی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ نے کہا پہلی مرتبہ ایچ ای سی نے خود اس پروگرام کا اہتمام کیا ہے، 9 مئی کو ایکسپو سینٹر میں کرئیر کنیکٹ میں ہم نے صرف ان اداروں کو شامل کیا ہے جو اپنی مارکیٹنگ کے بجائے ملازمت فراہم کریں، جاب فیئر صبح ساڑھے 9 سے شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں