حال ہی میں ریلیز کی گئی بولی وڈ فلم ’ہیرا منڈی‘ میں اہم کردار ادا کرنے والی اداکارہ سوناکشی سنہا نے فلم پر تنقید کے بعد واضح کیا ہے کہ ٹیم نے کبھی نہیں کہا تھا کہ ’ہیرا منڈی‘ تاریخ پر مبنی فلم ہوگی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سوناکشی سنہا نے کہا کہ ’ہیرا منڈی‘ پر تنقید کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہئیے کہ سنجے لیلا بھنسالی نے تاریخ پر مبنی فلم بنانے کا نہیں کہا تھا، البتہ پاکستان کے شہر لاہور میں موجود ایک جگہ پر فلم بنانے کا کہا تھا۔

ان کے مطابق ’ہیرا منڈی‘ تاریخ پر مبنی فلم نہیں ہے لیکن فلم کے کرداروں اور کہانی کو تاریخ کے تناظر میں پیش کیا گیا ہے اور یہ فلم لاہور میں ’ہیرا منڈی‘ کے نام سے موجود جگہ اور وہاں رہنے والے لوگوں پر بنائی گئی ہے۔

سوناکشی سنہا کا کہنا تھا کہ ’ہیرا منڈی‘ فکشنل کہانی ہے، اسے تاریخ کے تناظر میں نہ دیکھا جائے۔

اداکارہ نے یہ وضاحت ایسے وقت میں کی ہے جب کہ ’ہیرا منڈی‘ پر پاکستانی اداکاروں، لکھاریوں، فلم مبصرین اور عام افراد کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔

پاکستانی اداکاروں، لکھاریوں اور مبصرین کے مطابق ’ہیرا منڈی‘ میں تاریخ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، اس میں غلط اردو زبان بولی گئی، لاہور کے درست مقامات نہیں دکھائے گئے جب کہ وہاں کی ثقافت کو بھی غلط انداز میں دکھایا گیا۔

فلم پر تنقید کی جا رہی ہے کہ اس میں 1940 کا لاہور نہیں دکھایا گیا بلکہ فلم کے کرداروں اور مناظر کو بھارتی تناظر سے دکھانے کی کوشش کی گئی اور یہ تاثر دیا گیا کہ تقسیم سے قبل لاہور حالیہ بھارت کے زیر اثر تھا جب کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

فلم کی ٹیم پر ’ہیرا منڈی‘ میں اردو کے غلط الفاظ کو شامل کرنے پر بھی تنقید کا سامنا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں