بھارتی فلم ساز سنجے لیلیٰ بھنسالی کی جانب سے انگریز دور کی لاہور کی تاریخ، ثقافت، سیاست اور جسم فروشی کے کاروبار پر بنائی گئی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کو ریلیز کردیا گیا۔

’ہیرا منڈی‘ کو نیٹ فلیکس انڈیا کی جانب سے یکم مئی کو ریلیز کیا گیا، ساتھ ہی بتایا گیا کہ ویب سیریز کا پہلا سیزن ریلیز ہوا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کا دوسرا سیزن بھی بنایا جائے گا۔

اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ’ہیرا منڈی‘ کی تمام 8 ہی قسطیں ریلیز کی گئیں اور ہر قسط 50 اور 60 منٹ کے دورانیے پر مبنی ہے۔

مجموعی طور پر ’ہیرا منڈی‘ 450 منٹ پر مشتمل ویب سیریز ہے، جسے ریلیز ہوتے ہی بھارت اور پاکستان سمیت کئی ممالک میں کروڑوں افراد نے دیکھا۔

’ہیرا منڈی‘ کے ذریعے بولی وڈ اداکار فردین خان نے بھی طویل عرصے بعد اسکرین پر واپسی کی ہے جب کہ اس میں فریدہ جلال سمیت دیگر سینیئر اور معروف اداکار بھی منفرد کرداروں میں دکھائی دیے۔

ویب سیریز کے مرکزی اداکاروں میں منیشا کوئرالہ، سوناکشی سنہا، ریچا چڈا، ادیتی راؤ اور سنجیدہ شیخ سمیت دیگراداکار شامل ہیں۔

ویب سیریز کی کہانی قحبہ خانوں اور وہاں ہونے والی سیاست اور سازش کے گرد گھومتی ہے، تاہم ویب سیریز میں متحدہ ہندوستان اور تقسیم برصغیر سے قبل کا انگریز دور بھی دکھایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ’ہیرا منڈی‘ کو ایک زمانے میں شاہی محلہ بھی کہا جاتا تھا اور لاہور کے قلعہ بند شہر میں اس کی اپنی ایک منفرد تاریخ رہی ہے۔

ہیرا منڈی مغل دور میں لاہور کا ایک ایسا علاقہ رہا ہے جہاں طوائفیں رہا کرتی تھیں اور وہاں رقص و گیت کی محفلیں آراستہ ہوتی تھیں لیکن برطانوی راج میں یہ جنسی پیشہ وروں کا بازار بن گیا جہاں انگریز اور دیگر یورپی شہریوں کے علاوہ دیسی لوگ بھی پہنچنے لگے۔

تبصرے (0) بند ہیں