• KHI: Partly Cloudy 16.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 10°C
  • ISB: Cloudy 13.5°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 10°C
  • ISB: Cloudy 13.5°C

فوکوشیما نیوکلیئر پلانٹ کے قریب سے جمع کی گئی تابکاری والی مٹی جاپانی وزیرِ اعظم کے دفتر پہنچادی گئی

شائع July 20, 2025
مٹی کا سامنا کرنیوالے یا اس پر کام کرنیوالے افراد کو سالانہ ایک ایکسرے کے برابر تابکاری ہوتی ہے۔
—فوٹو: اے ایف پی
مٹی کا سامنا کرنیوالے یا اس پر کام کرنیوالے افراد کو سالانہ ایک ایکسرے کے برابر تابکاری ہوتی ہے۔ —فوٹو: اے ایف پی

متاثرہ فوکوشیما نیوکلیئر پلانٹ کے قریب سے جمع کی گئی ہلکی تابکاری والی مٹی کے درجنوں تھیلے جاپانی وزیرِ اعظم کے دفتر پہنچا دیے گئے، تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ اس کا دوبارہ استعمال محفوظ ہے۔

ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2011 کے سونامی اور نیوکلیئر حادثے کے فوراً بعد، حکام نے تابکاری کی سطح کم کرنے کے لیے فوکوشیما کے وسیع علاقوں سے مٹی کی ایک پرت کو ہٹایا تھا۔

اس کے بعد سے تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ مکعب میٹر مٹی کو فوکوشیما دائیچی پلانٹ کے قریب سہولیات میں محفوظ کیا گیا، اور حکومت نے اس مٹی کو ملک کے دیگر علاقوں میں منتقل کرنے کے لیے 2045 کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔

وزارت ماحولیات کے مطابق ذخیرہ شدہ مٹی کی زیادہ تر مقدار میں تابکاری کی سطح اتنی کم ہے کہ اس کا سامنا کرنے والے یا اس پر کام کرنے والے افراد کو سالانہ صرف ایک ایکس رے کے برابر تابکاری ہوتی ہے، لیکن چونکہ بہت کم لوگ اس مٹی کو قبول کرنے پر آمادہ ہیں، اس لیے حکومت نے خود ہی اس کا کچھ حصہ دوبارہ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ثابت کیا جا سکے کہ یہ خطرناک نہیں ہے۔

ہفتے کے روز، کارکنوں نے ایک ٹرک سے مٹی کے تھیلے ٹوکیو کے مرکزی علاقے میں واقع وزیرِ اعظم کے دفتر کے صحن میں اتارے، اور پہلے کی رپورٹس کے مطابق اس مٹی کو پھولوں کی کیاریوں میں استعمال کیا جائے گا۔

وزارت ماحولیات کے مطابق فوکوشیما کی مٹی کے اوپر تقریباً 20 سینٹی میٹر (آٹھ انچ) موٹی عام مٹی کی تہہ ڈالی جائے گی۔

رائے عامہ کے جائزے ظاہر کرتے ہیں کہ وزیرِ اعظم شیگرو ایشیبا کا اتحاد اتوار کے روز ہونے والے ایوانِ بالا کے انتخابات میں اپنی اکثریت کھو سکتا ہے، اور اس کے نتیجے میں وہ ممکنہ طور پر اپنی مدت کے ایک سال سے بھی کم عرصے میں استعفیٰ دے سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025