• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

ہفتے میں ایک انڈا کھانے سے الزائمر کے خطرے میں واضح کمی ہوتی ہے، تحقیق

شائع July 20, 2025
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

حالیہ طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اگر بزرگ افراد ہفتے میں صرف ایک انڈا کھائیں تو ان میں الزائمر جیسے دماغی مرض کا خطرہ نمایاں طور پر کم ہو سکتا ہے۔

طبی ویب سائٹ پر شائع تحقیق کے مطابق اگر بزرگ افراد ہفتے میں کم از کم ایک انڈا کھائیں تو اُن میں الزائمر جیسی دماغی بیماری لاحق ہونے کا خطرہ تقریباً 47 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔

تحقیق معروف سائنسی جریدے ’جرنل آف نیوٹریشن‘ میں شائع ہوئی ہے، جس میں 1 ہزار 024 معمر افراد کی غذائی عادات اور دماغی صحت کا تقریباً سات سال تک مشاہدہ کیا گیا۔

مطالعے کے مطابق جن افراد نے ہفتے میں ایک سے زائد انڈے کھائے، ان میں یادداشت کھونے یا الزائمر کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم تھا۔

ماہرین کے مطابق انڈے میں موجود چولین نامی جزو دماغی صحت کے لیے بہت مفید ہے، یہ مادہ دماغی خلیوں کو بہتر طور پر کام کرنے میں مدد دیتا ہے اور ایک اہم نیورو ٹرانسمیٹر کی تیاری میں کردار ادا کرتا ہے، جو یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت سے جُڑا ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ انڈے کھانے سے جسم میں چولین کی مقدار بڑھتی ہے، جس کا تعلق الزائمر سے بچاؤ سے ہے۔

بعدازاں ماہرین نے خبردار کیا کہ صرف انڈے پر انحصار کافی نہیں، دماغی صحت کے لیے متوازن غذا ضروری ہے جس میں اخروٹ، سبز پتوں والی سبزیاں، مچھلی، دلیہ اور بیریز شامل ہیں۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ تحقیق صرف انڈوں اور الزائمر کے درمیان تعلق کو ظاہر کرتی ہے، یہ ثابت نہیں کرتی کہ انڈے کھانے سے بیماری کا مکمل خاتمہ ہو جاتا ہے۔

نیز، تحقیق میں شرکا کی جانب سے خود فراہم کردہ غذائی معلومات کو بنیاد بنایا گیا ہے، جس میں بعض اوقات درستگی کا مسئلہ ہو سکتا ہے۔

الزائمر کیا ہے؟

الزائمر ایسا مرض ہے جس کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ ابھی تک اس کا مکمل علاج دریافت نہیں کیا جا سکا ہے اور یہ آہستہ آہستہ مریض کو موت کے منہ کی جانب دھکیل دیتا ہے۔

یہ مرض دماغ پر اثر انداز ہوتا ہے، یادداشت ختم ہو جاتی ہے اور ایک خاص قسم کا پروٹین اسے متحرک کرنے کا باعث بنتا ہے۔

الزائمر میں مبتلا مریضوں کی یادداشت وقت کے ساتھ ساتھ کمزور ہو جاتی ہے، اس بیماری کی علامات کچھ یہ ہیں: تازہ باتیں بھول جانا، ڈرائیونگ کے دوران راستے بھول جانا، پسندیدہ مشاغل میں دلچسپی ختم ہو جانا، سونے میں مشکل پیش آنا، بولنے یا لکھنے میں دشواری، مزاج یا شخصیت میں بدلاؤ آنا وغیرہ۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025