Dawn News Television

شائع 04 مئ 2014 10:25am

جماعتِ اسلامی ،تحریکِ انصاف کے دھرنے میں شرکت کرے گی

لاہور: جماعتِ اسلامی نے اپنی اتحادی جماعت ، پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی) کی جانب سے گیارہ مئی کو اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔ گزشتہ برس انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اب دونوں جماعتیں احتجاج کریں گی۔

جماعتِ اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ڈان اخبار کو بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے باضابطہ دعوت پر ایک میٹنگ میں غور کیا گیا اور اکثریت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دھرنے میں شرکت میں کوئی نقصان کی بات نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بعض سینیئر رہنماؤں کی قیادت میں جماعت کا ایک وفد دھرنے میں شرکت کرے گیا۔ ' ہمارے کارکنوں کو اس بات کی آزادی ہوگی کہ وہ چاہیں تو دھرنے میں شرکت کرسکتے ہیں یا نہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ جیتنے اور ہارنے والے، دونوں ہی فریقین انتخابی نتائج سے مطمئین نظر نہیں آتے۔

جماعتِ اسلامی کے ایک اور رہنما کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاجی دھرنے میں شریک جماعت کے وفد کی قیادت نائب امیر میاں محمد اسلم کریں گے۔ ' جماعت کے امیر اور سیکریٹری جنرل اس میں شامل نہیں ہوں گے۔'

Read Comments