Dawn News Television

شائع 10 مئ 2014 09:46am

چونسٹھ سیاستدانوں کو بیرون ملک اثاثوں کی واپسی کے لیے نوٹس جاری

لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ایک درخواست پر جمعہ کے روز عدالت نے وفاقی حکومت کو ایک نوٹس جاری کیا ، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ کم از کم چونسٹھ سیاستدانوں کے بیرون ملک موجود اثاثوں کو پاکستان واپس لایا جائے۔

ان سیاستدانوں میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، مسلم لیگ ق کے چوہدری شجاعت حسین، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری شامل ہیں۔

بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے یہ درخواست 1996ء میں چھبیس سیاسی رہنماؤں کے خلاف دائر کی تھی، بعد میں انہوں نے مزید سیاستدانوں کے نام اس میں شامل کرلیے۔

انہوں نے کہا کہ ان مدعی سیاستدانوں نے کم ازکم تین ہزار کروڑ ڈالرز کی خطیر رقم بیرونِ ملک منی لانڈرنگ کے ذریعے منتقل کی تھی، جس کی وجہ سے قومی خزانے کو بہت بڑا نقصان برداشت کرنا پڑاتھا۔

جاوید اقبال جعفری نے کہا کہ ان سیاستدانوں نے عدالت متواتر احکامات کے باوجود مبینہ منی لانڈرنگ کے سلسلے میں اپنا حلفی بیان جمع نہیں کرایا ہے۔

انہوں نے دلیل دی کہ اگر ان سیاستدانوں کے اثاثے واپس لائے جائیں تو پاکستان کو غیرملکی قرضوں کی ضرورت نہیں پڑے گی اور ملک پر عائد بین الاقوامی قرضوں کی ادائیگی بھی ہوجائے گی۔

بیرسٹر جعفری نے عدالت سے کہا کہ وہ ان سیاستدانوں کو حکم دے کہ وہ اپنے اثاثے واپس لائیں۔

جسٹس خالد محمود خان نے مدعا علیہان کو جواب داخل کرنے کا حکم دینے کے بعد مقدمے کی سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی۔

Read Comments