Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 مئ 2014 02:29pm

سونے کی قیمت میں مسلسل کمی

عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کے بعد رواں سال مارچ سے لے کر اب تک ملک میں سونے کی قیمت میں چار ہزار روپے کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

جمعرات یعنی گزشتہ روز صرافہ بازار میں سونے کی قیمت میں چھ سو روپے کمی کے بعد 47 ہزار 9 سو روپے فی تولہ تک پہنچ گئی جب کہ اس سے قبل بدھ کو دس گرام سونے کی قیمت میں 517 روپے کی گراوٹ دیکھی گئی۔

کراچی صرافہ اور جیولز گروپ کے صدر حاجی ہارون رشید چاند کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران ملک میں سونے کی قیمت میں 900 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

چاند کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک سونے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 52 ہزار روپے فی تولہ مارچ میں ہوئی تھی تاہم اس کے بعد سے اس کی قیمت میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

ملک میں سونے کی قیمت میں چار ہزار روپے کی کمی کا سب سے زیادہ فائدہ ان خاندانوں کو ہوا ہے جو کہ شادی بیاہ کے لیے سونے کی خریداری کر رہے ہیں۔

چاند کے مطابق لوگوں کی جانب سے سونے کی خریداری کی جا رہی ہے تاہم قوت خرید میں کمی اور افراط زر میں اضافے کی وجہ سے صورتحال زیادہ بہتر نہیں ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک میں رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں 4،177 کلو سونا درآمد کیا گیا جو کہ گزشتہ سال اسی مدت میں 4،482 کلوگرام تھا۔

Read Comments