Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 جون 2014 04:04pm

وزیرستان میں طالبان کی آپس میں جھڑپیں، سات ہلاک

میران شاہ: تحریک طالبان پاکستان کے گروپوں کی آپس میں ہونے والی لڑائی میں مزید سات عسکریت پسند ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شمالی وزیرستان کے دارالحکومت میران شاہ کے مغرب میں 65 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قبائلی علاقے واچھا میلا میں ہونے والی ان جھڑپوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے سات میں سے پانچ افراد کا تعلق حکیم اللہ محسود گروپ سے ہے۔

عسکریت پسندوں کی جانب سے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اپریل کے بعد سے کمانڈر خالد محسود، الیاس خان سید سجنا گروپ اور طالبان کے چیف حکیم اللہ محسود کے حامیوں کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں اب تک 100 کے لگ بھگ عسکریت پسند ہلاک ہو چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے محسود گروپ نے تحریک طالبان پاکستان سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، جسے پاکستان کی بہترین فوجی حکمت عملی قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے رواں سال فروری میں تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد مارچ کے آغاز میں سیز فائر کا اعلان کیا گیا تھا ۔

وزیرستان افغان سرحد کے قریب پاکستان کے سات نیم خود مختارقبائلی علاقوں میں سے ایک ہے، جبکہ امریکہ نے اسے دنیا کا سب خطرناک علاقہ قرار دے رکھا ہے۔

Read Comments