Dawn News Television

شائع 01 ستمبر 2014 02:01pm

نام نہاد لیڈر ملک کو میدانِ جنگ بنانا چاہتے ہیں، شہباز شریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس پر حملے کا دن ملک کی سیاسی تاریخ میں سیاہ دن کے نام سے لکھا جائے گا۔

اتوار کو اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ نام نہاد لیڈر آئین و قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے عمارتوں اور ملک کے اعلیٰ اداروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جو قابلِ مذمت ہے۔

شہباز شریف نے ملک کو بڑے نقصان سے بچانے کے لیے وزیراعظم نواز شریف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ عمران خان کے ان اقدامات کے باعث حامیوں میں ان کی مقبولیت کم ہو چکی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری ملک کو میدان جنگ بنانا چاہتے تھے لیکن عوام نے ان کی نیت بھانپ لی ہے اور ان کی اس تحریک کو مسترد کردیا ہے۔

شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں، حمایتیوں اور ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ مشتعل ہونے کے بجائے ثابت قدم رہیں اور صبر سے کام لیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کی جانب سے اسلام آباد میں صحافیوں پر کیے جانے والے تشدد پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی انکوائری ہونی چاہیٔے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جانا چاہیٔے۔

Read Comments