Dawn News Television

شائع 23 اکتوبر 2014 04:55am

پی پی پی کا نیا دھڑا سامنے آ گیا

لاہور: ناہید خان اور ڈاکٹر صفدر عباسی نے پاکستان پیپلز پارٹی-ورکرز (پی پی پی -ڈبلیو) کے نام نے سابق حکمران پارٹی کا نیا دھڑا بنا لیا۔

بدھ کو یہاں ایوانِ اقبال میں کارکنوں کے کنونشن میں ایک قرار داد کے ذریعے عباسی نئی پارٹی کے پہلے صدر بن گئے۔

اس سے پہلے پی پی پی کے اس جوڑے نے بھٹو شہید بے نظیر ورکرز تحریک بھی شروع کی تھی۔

کنونشن میں صفدر نے کہا کہ پی پی پی کے حقیقی جیالوں کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کے لئے ایک نئے پلیٹ فارم کی ضرورت تھی۔ 'ہم آئندہ الیکشن میں اسی پلیٹ فارم سے حصہ لیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے ویژن پر چلنا چھوڑ دیا جس کی وجہ سے اسے گزشتہ الیکشن میں بری طرح شکست ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ناہید خان پی پی پی کی رجسٹریشن کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں مقدمہ لڑ رہی ہیں اور کارکن ان کے ساتھ ہیں۔

ناہید خان نے کہا کہ آصف علی زرداری سمیت پی پی پی کے کئی رہنما کارکنوں کا سامنا کرنے کے بجائے بلاول بھٹو زرداری کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلاول شہید بے نظیر کے بیٹے ہیں اور انہیں اپنے والد کے طرز سیاست پر نہیں چلنا چاہیئے۔

'پی پی پی وفاق کی ایک جماعت ہے۔ بلاول کو طے کرنا ہو گا کہ آیا وہ اپنے نانا اور والدہ کے نقش قدم پر چلیں گے یا پھرپارٹی کے پچھلے سات سالوں کا بھاری بوجھ اٹھائیں گے'۔

ناہید خان کے مطابق، اگر بلاول کو ضرورت ہے تو وہ ان کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار ہیں لیکن اس صورت میں بلاول کو موقع پرستوں سے دامن چھڑانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کارکن ملازمتیں نہیں مانگتے بلکہ وہ قیادت سے عزت نفس کے متقاضی ہیں۔

ناہید نے کہا کہ کنونشن میں وہ کارکن شریک ہیں جنہوں نے آمریت کا سامنا کرتے ہوئے جیلیں کاٹیں ۔

Read Comments