Dawn News Television

شائع 24 اکتوبر 2014 04:55am

پی سی بی کا ثقلین معاہدہ پر یوٹرن

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کے معاہدہ پر یو ٹرن لے لیا۔

بورڈ نے طے کیا ہے کہ وہ معاہدہ کا حتمی فیصلہ برطانوی بائیو لیب میں سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے بعد کرے گا۔

بدھ کو شکیل شیخ کی صدارت میں پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا یہاں اجلاس ہوا تھا، جس میں انتخاب عالم، اقبال قاسم، ہارون رشید اور ذاکرخان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے بعد ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ 'پی سی بی نے ثقلین مشتاق کی مدد سے سعید اجمل کا ایکشن درست کرنے کی ایکسرسائز کو مزید 15 دن تک بڑھا دیا ہے'۔

تاہم، اب جمعرات کو پی سی بی نے ایک اور بیان جاری کیا، جس کے مطابق: کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ چونکہ ثقلین کا ایک مہینہ پر مشتمل معاہدہ ختم ہو چکا ہے لہذا ان کے معاہدے میں توسیع کا جائزہ 10 نومبر، کو سعید اجمل کے برطانیہ میں ایک بائیو ٹیسٹ کے تجزیہ کے بعد کیا جائے گا'۔

' اس تجزیہ کے بعد کرکٹ کمیٹی ثقلین کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی'۔

Read Comments