Dawn News Television

شائع 26 اکتوبر 2014 03:23am

ایم کیو ایم کے الزامات 'غیر مناسب' قرار

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے لفظ 'مہاجر' کے حوالے سے اپنے بیان کو 'غلط ملطب' دینے کی کوششوں کی مذمت کر دی۔

ہفتہ کو رات گئے جاری ایک بیان میں پی پی پی رہنما نے کہا کہ انڈیا سے آئے مہاجرین کے حوالے سے ان کے ایک بیان کو مدینہ کے مہاجرین سے تعبیر کرنا انتہائی 'غیر مناسب' ہے۔

بظاہر یہ بیان ایم کیو ایم کے ان رہنماؤں سے مخاطب ہے جنہوں نے آج ایک پریس کانفرنس میں اپوزیشن لیڈر کے خلاف توہین مذہب کے الزامات عائد کیے۔

خورشید شاہ نے اپنے بیان میں ان حملوں کو 'افسوس ناک' قرار دیتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے دوسرے رہنما اکثر 'نئی سندھی' اور 'پرانے سندھی' کے الفاظ استعمال کرتے رہے ہیں۔

'اگر یہ انصار اور مہاجرین کا معاملہ ہے تو میں خود ایک مہاجر ہوں۔ کوئی بھی مسلمان ایسی بات کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا'۔

انہوں نے خبردار کیا کہ معمولی فائدے کیلئے سیاسی معاملات کو مذہبی رنگ دینے سے گریز کیا جائے۔

اپوزیشن لیڈر نے علماء پر زور دیا کہ وہ اس طرح کی 'فتوہ بازی' کا سنجیدہ نوٹس لیں۔

Read Comments