Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2014 05:40pm

عبداللہ شاہ غازیؒ ہمیں طوفان سے بچا لیں گے، آغا سراج

کراچی: سندھ اسمبلی کے کچھ اراکین طوفان نیلوفر سے ملک کے ساحلی علاقوں میں آنے والے تباہی کے حوالے سے خاصے پریشان ہیں لیکن اسپیکر سندھ اسمبلی اسے سنجیدگی سے لینے پر تیار نہیں۔

منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایک رکن اسمبلی نے کہا کہ طوفان کی آمد کے پیش نظر حکومت کو احتیاطی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاہم اسپیکر سراج درانی ان کی بات مذاق میں اڑا گئے۔

اس موقع پر سراج درانی نے ازراہ مذاق کہا کہ یہ تو کسی لیڈی کا نام ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر جب اراکین نے زور دیا کہ حکومت کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے تو اسپکر سندھ اسمبلی نے یقین دہانی کرائی جب تک سمندر کنارے عبداللہ شاہ غازی کا مزار ہے کراچی کو کچھ نہیں ہوسکتا۔

’عبداللہ شاہ غازی کا مزار کی وجہ سے آج تک بچتے آئے ہیں اور انشااللہ اس مرتبہ بھی بچیں گے‘۔

آغا سراج درانی نے کہا کہ جن لوگوں کو طوفان کا خوف ہے وہ اندرون سندھ چلے جائیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سنگین نوعیت کا طوفان کراچی آنے والے دنوں میں پاکستان اور ہندوستان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا اور اس میں دن بدن شدت آتی جا رہی ہے۔

طوفان کے نتیجے میں زیریں سندھ خصوصاً کراچی اور بدین میں شدید بارشوں کی بھی توقع ہے۔

Read Comments