Dawn News Television

شائع 29 اکتوبر 2014 04:15am

شہریار خان کا وزن یونس کے پلڑے میں

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نےاپنا وزن گزشتہ ہفتہ آسٹریلیا کے خلاف دبئی ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے یونس خان کے پلڑے میں ڈال دیا۔

شہریار کا کہنا ہے کہ یونس کو ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ ہونا چاہیے تاہم، اس کا حتمی فیصلہ قومی سلیکٹرز کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ ٹیم کے سلیکشن امور میں ہرگز مداخلت نہیں کریں گے اور یہ کہ یونس کو ورلڈ کپ کھلانے کی رائے ان کی ذاتی ہے۔

شہریار نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو میں مزید کہا کہ یونس نے پہلے ٹیسٹ میں انتہائی اچھی کارکردگی دکھائی اور 'میرے خیال میں انہیں ورلڈ کپ سکواڈ میں ضرور جگہ ملنی چاہیئے'۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے ڈراپ کیے جانے والے سینئر مڈل آرڈر بلے باز یونس شاندار انداز میں ٹیسٹ میچ میں واپس آئے۔

یونس کی عدم موجودگی میں پاکستان کو مہمان آسٹریلیا کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 0-3 سے شکست ہوئی تھی۔

معین خان کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی یونس کو ون ڈے سکواڈ سے باہر رکھنے پر شدید تنقید کا سامنا کر چکی ہے۔

شہریار نے بتایا کہ ون ڈے سکواڈ کا اعلان کرتے وقت سلیکٹرز اور دوسرے سٹیک ہولڈرز یونس کو باہر رکھنے پر متفق تھے۔

'تاہم اب مضبوط پرفارمنس کے بعد یونس سلیکشن کے مضبوط امید وار بن چکے ہیں'۔

'یہ قومی سلیکٹرز کا کام ہے اور میں ان کے کام میں مداخلت نہیں کروں گا'۔

اطلاعات ہیں کہ ناصرف سلیکٹرز بلکہ ہیڈ کوچ یونس خان اور کپتان مصباح الحق بھی یونس کو ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے کے حق میں نہیں تھے۔

Read Comments