کھیل

پاکستان کو ہرانا ایک چیلنج ہوگا، مارک کریگ

کیمپ میں کھلاڑی بہترین موڈ میں ہیں اور وہ اس مشکل چیلنج کے لیے تیار ہیں، نیوزی لینڈ اسپنر۔
|

ابو ظہبی: نیوزی لینڈ کے آف اسپنر مارک کریگ نے جمعے کے روز اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ پاکستان کا تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں سامنا کرنا ایک چیلنج ہوگا تاہم ان کی ٹیم اس کے لیے تیار ہے۔

27 سالہ کریگ اش سودھی کے ساتھ نیوزی لینڈ کی اسپن گیند بازی کی کمان سنبھالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم پاکستان چیلنج کے خلاف خود کو تیار کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑی بہترین موڈ میں ہیں اور وہ اس مشکل چیلنج کے لیے تیار ہیں۔

کریگ نے کہا کہ حال ہی میں کھیلا گیا وارم اپ میچ ان کے اور ان کی ٹیم کے لیے اچھا رہا کیوں کہ اس کے دوران انہیں بڑی تعداد میں اوورز کرنے کا موقع ملا۔

حال ہی میں پاکستانی بلے بازوں نے آسٹریلوی اسپنرز کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا جہاں کنگروز کے صف اول کے اسپنر نیتھن لائن صرف تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرپائے۔

کریگ نے کہا کہ آسٹریلوی باؤلرز کا پاکستان کے خلاف وکٹیں لینے میں دشواری کا سامنا رہا اور ہمارے لیے بھی یہ ایک مشکل ٹاسک ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی منصوبہ بندی کے مطابق کھیلنا ہوگا۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ وہ اور سودھی پاکستانی بلے بازوں پر دباؤ بنانے میں کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سودھی کے ساتھ باؤلنگ کرنا ان کے لیے بہترین ہوگا کیوں کہ وہ ایک بہترین باؤلر ہیں اور وہ ان کے ساتھ باؤلنگ کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔