Dawn News Television

شائع 19 نومبر 2014 03:04pm

فرزانہ قتل کیس: 4 ملزمان کو سزائے موت

لاہور: لاہور ہائی کورٹ کے باہر پسند کی شادی کرنے پر قتل ہونے والی فرزانہ بی بی کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئےعدالت نے مقتولہ کے باپ، بھائیوں اور سابق شوہر کو تین تین مرتبہ پھانسی کی سزا سنا دی۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق بدھ کوانسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں فرزانہ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

خصوصی عدالت کے جج ہارون لطیف نے جرم ثابت ہونے پر فزانہ کے باپ عظیم، بھائی زاہد عباس، سابق شوہر مظہر عباس اور تایا زاد بھائی جہان خان کو دہشت گردی ایکٹ اور قتل کا الزام ثابت ہونے پر تین تین مربتہ سزائے موت سنا دی۔

عدالت نے مقتولہ کے ایک بھائی غلام عباس کو دس سال قید کی سزا کا حکم سنایا۔

فیصلے کے خلاف فرزانہ کے لواحقین نےعدالت کے باہر احتجاج بھی کیا۔


مزید پڑھیں: فرزانہ قتل کیس: مرکزی ملزمان کے خلاف فردِ جرم عائد


یاد رہے کہ رواں برس مئی میں جڑانوالہ کی رہائشی فرزانہ بی بی اپنے شوہر اقبال کے حق میں بیان دینے لاہور ہائی کورٹ پہنچی تھی جہاں اس کے والد، سابق شوہر اوربھائیوں نے سرعام اینٹیں مار کر قتل کر دیا تھا۔

پولیس کی جانب سے عدالت کو پیش کی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں فرزانہ کے والد عظیم، بھائیوں غلام علی اور زاہد اقبال، سابق شوہر مظہر عباس اور ایک قریبی عزیز جہان خان کو قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔

Read Comments