Dawn News Television

شائع 07 دسمبر 2014 12:22pm

محمد حفیظ کا باﺅلنگ ایکشن بھی غیرقانونی قرار

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی آل راﺅنڈر محمد حفیظ کا باﺅلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دے دیا۔

نومبر میں ابوظبہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوران محفیظ کے باﺅلنگ ایکشن کو مشتبہ رپورٹ کیا گیا تھا ۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں عالمی ادارے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستانی کرکٹر کا باﺅلنگ ایکشن غیرقانونی ہے اور اس بنیاد پر محمد حفیظ پر بین الاقوامی میچز میں باﺅلنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

بیان کے مطابق"انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ایک آزاد تجزیے میں پاکستان کے محمد حفیظ کا باﺅلنگ ایکشن غیرقانونی پایا گیا ہے"۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے" تجزیہ سے انکشاف ہوا ہے کہ حفیط کی کہنی کا خم گیند پھینکنے کے دوران پندرہ ڈگری سے تجاوز کرجاتا ہے"۔

آئی سی سی کے مطابق محمد حفیظ اپنے باﺅلنگ ایکشن میں تبدیلی لانے کے بعد دوبارہ تجزیے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

یہ تجزیہ چوبیس نومبر کو آئی سی سی کی مامور کردہ ٹیم کے زیرتحت لوف برگ میں ہوا۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے پاکستان کے سعید اجمل کے باﺅلنگ ایکشن کو بھی غیرقانونی قرار دے کر ان پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

Read Comments