Dawn News Television

شائع 17 دسمبر 2014 03:39pm

افغانستان میں بینک پر 'دہشت گردوں' کا حملہ

قندھار: جنوبی افغانستان کے ایک بینک میں بدھ کو دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دوپولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے صوبائی حکومت کے ترجمان عمر زواک کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے افغان صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ میں واقع کابل بینک کی ایک برانچ کے داخلی دروازے پر دھماکا خیز مواد نصب کیا اور دھماکے کے بعد تین حملہ آور بینک کی عمارت کے اندر داخل ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اورکارروائی کا آغاز کیا۔

حملہ آوروں سے مقابلے میں دو پولیس اہلکار ہلاک جبکہ تین اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی ہلاک ہوا۔

ہلمند پولیس کے ترجمان فرید احمد عبید کے مطابق آج سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دی جانی تھیں ، تاہم اس حوالے سے معلوم نہیں ہوسکا کہ عام شہریوں کو بینک کے اندر یرغمال بنایا گیا یا نہیں۔

ابھی تک اس واقعے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آخر میں امریکی اتحادی نیٹو افواج افغانستان سے اپنا مشن مکمل کرکے واپس چلی جائیں گی، جس کے بعد 12،500 سپورٹ مشنز کو افغانستان بھیجا جائے گا جو افغان سیکیورٹی فورسز کی رہنمائی کریں گے۔

گزشتہ کچھ عرصہ سے افغان دارالحکومت کابل میں آرمی کی بسوں اور دیگر ملکی وغیر ملکی عمارتوں پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

Read Comments