Dawn News Television

شائع 18 دسمبر 2014 02:44am

یونس خان سنچری بنانے والے معمر ترین پاکستانی کرکٹر

ابوظہبی: نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں سنچری اسکور کرنے والے تجربہ کار یونس خان نے ظہیر خان سے سنچری بنانے والے معمر ترین پاکستانی کرکٹر کا اعزاز چھین لیا۔

یونس خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ایک رن پر چانس ملنے کے بعد موقع کو غنیمت جانا اور شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 103 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

ان کی اس اننگ کی بدولت پاکستان میچ میں فتح کے قریب پہنچ گیا لیکن اختتامی اوورز میں اسے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم اس اننگ کے دوران یونس نے ایک روزہ کرکٹ میں سنچری بنانے والے معمر ترین پاکستانی کرکٹر کا اعزاز حاصل کر لیا۔

یونس نے 37 سال 18 دن میں سنچری اسکور کر کے ایشین بریڈمین کے نام سے مشہور ظہیر عباس سے یہ اعزاز چھین لیا۔

ظیہر عباس نے 1983 کے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 35 سال 331 دن میں سنچری اسکور کی تھی جبکہ حسن اتفاق یہ کہ ان کی اننگ بھی 103 رنز تک محدود رہی تھی۔

یاد رہے کہ یونس نے یہ سنچری چھ سال اور 75 اننگز کے بعد اسکور کی جس سے ان کی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شمولیت کی راہیں ہموار ہو گئی ہیں۔

یونس نے اس سے پہلے 2008 میں ابو ظہبی کے مقام پر ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ہندسوں کی اننگ کھیلی تھی۔

Read Comments