Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2015 03:30pm

قومی کھلاڑیوں کا جانباز چیمپیئنز کو خراج تحسین

پشاور: پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کو گزشتہ روز ایک ماہ گزر گئے اور قومی ٹیم کے کھلاڑی پشاور پہنچے اور انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے طلبا کی ہسپتال میں عیادت کی۔

قومی ٹیم آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں آئندہ ہونے والے ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے 21 جنوری کو نیوزی لینڈ روانہ ہو گی تاہم کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے میں شرکت سے قبل کھلاڑیوں نے قومی سانحے کے متاثرہ بچوں سے ملاقات کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے دورہ پشاور کی تصاویر ٹوئٹر پر پوسٹ کیں۔

آرمی پبلک اسکول کے دورے کے لیے پشاور پہنچنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے وفد میں ٹیم کے چھ کھلاڑی اور مینجمنٹ کے تین افراد شامل تھے۔

کھلاڑی کپتان مصباح الحق کی قیادت میں پشاور پہنچے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی، احمد شہزاد، احسان عادل، یاسر شاہ، محمد عرفان، عمر اکمل شامل تھے۔

کھلاڑیوں کے ہمراہ منیجر نوید اکرم چیمہ اور اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم شامل تھے۔

انہوں نے آرمی پبلک اسکول حملے میں زخمی ہونے والے طلباء کی عیادت کی اور قومی سانحے میں ہلاک ہونے والے بچوں کے والدین سے تعزیت کی۔

قومی کرکٹ ٹیم نے آرمی پبلک اسکول کا دورہ بھی کرنا تھا لیکن کچھ نامعلوم وجوہات کی بنا پر ان کا یہ دورہ منسوخ کردیا گیا۔

Read Comments