Dawn News Television

شائع 24 جنوری 2015 04:35am

مولانا عبد العزیزکہاں ہیں؟

اسلام آباد: سول سوسائٹی کی قانونی کارروائی کے نتیجہ میں لال مسجد سے بے دخل مولانا عبدالعزیز نے ٹیلی فون کے ذریعہ جمعہ کا خطبہ دیا۔

مولانا عزیز کےآج خطبہ سے جہاں ان کے حامی خوش ہوئے تو وہیں مخالفین بھی چونکے۔

مولانا کے خلاف سول سوسائٹی کی حالیہ مہم کے روح رواں جبران ناصر نے پوچھا 'ایک ایسا شخص جس کے گرفتاری وارنٹ جاری ہیں، کیسے سرکاری سرپرستی میں چلنے والی لال مسجد کا مائیکرو فون استعمال کر سکتا ہے؟'۔

ناصر نے ڈان کو بتایا کہ وہ مولانا کی جانب سے لال مسجد کا مائیکرو فون کا استعمال روکنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

'ایسا لگتا ہے کہ پولیس انہیں گرفتار کرنے کیلئے تیار نہیں'۔

ٹیلی فون پر جمعہ کے خطبہ سے ان افواہوں کو مزید تقویت ملی کہ انتظامیہ نے مولانا عزیزکو گھر میں نظر بند کر رکھا ہے۔

سول سوسائٹی کے کارکن شان تاثیر نے کہا کہ چونکہ پولیس انوسٹی گیشن افسر کو گریڈ اٹھارہ کے ایک افسر سے تبدیل کرنے کی درخواست پر کوئی جواب نہیں دیا جا رہا لہذا ان کے پاس عدالت سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

'اگر پولیس 16 فروری سے پہلے مولانا عزیز کو گرفتار کر لیتی ہے تو ہم ان کا شکریہ ادا کریں گے، بصورت دیگر پولیس کے خلاف احتجاج کیا جائے گا'۔

خیال رہے کہ 2007، لال مسجد میں فوجی آپریشن کے بعد سے مولانا عزیز ایک متنازعہ شخصیت بن کر ابھرے ہیں۔

فوجی صدر پرویز مشرف کے رخصت ہونے کے بعد مولانا عزیز نے اپنا امیج کچھ حد تک بحال کیا تھا لیکن حال ہی میں انہوں نے سانحہ پشاور پر ایک انتہائی متنازعہ بیان دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک سکول پر شدت پسندوں کا حملہ فوجی آپریشن کا 'ایک ردعمل' تھا۔

اس بیان کے بعد سول سوسائٹی نے دو دن تک لال مسجد کے باہر مظاہرہ کیا۔

مولانا عزیز کی جانب سے مظاہرین کو مبینہ دھمکیاں دینے کے بعد پولیس نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ۔

سول سوسائٹی کی تحریک جاری رہنے پر ایک عدالت نے مولانا عزیز کے گرفتاری وارنٹ جاری کیے، لیکن مولانا نے ضمانت قبل از گرفتاری کرانے یا گرفتاری دینے سے انکار کر دیا۔

صورتحال میں اس وقت تبدیلی آئی جب مولانا عزیز گزشتہ جمعہ کو امامت کیلئے مسجد نہیں پہنچے۔مولانا عزیز کی غیر حاضری سے ان کی نظر بندی کی افواہوں نے جنم لیا۔

سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (آپریشن) میر واعظ نیاز اور لال مسجد کے نائب خطیب مولانا عامر صدیقی نے ان افواہوں کی تردید کی تھی۔

لیکن اس جمعہ کو بھی ان کی غیر حاضری نے ایک مرتبہ پھر افواہوں کو تقویت دی ہے۔

لال مسجد کے عہدے دار حیدر زمان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ان کے پاس مولانا عزیز کے مسجد نہ آنے کے حوالےسے کوئی معلومات نہیں۔

Read Comments