Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2015 07:01pm

ارسلان افتخار نے بہت مال بنایا ، ہمارےپاس ثبوت ہیں، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہت مال بنایا ہے اور ان کے پاس ثبوت موجود ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق بنی گالہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ثابت کریں گے کہ دھاندلی کے پیچھے افتخار چوہدری اور جسٹس (ر) رمدے تھے اور وہ سابق چیف جسٹس کے خلاف مزید ثبوت لائیں گے۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ افتخارچوہدری نے انہیں عدالت ڈرانے کیلئے بلایا تھا، تاہم وہ عدالت کا سامنا کریں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تحریک انصاف کا کوئی رکن قومی اسمبلی میں گیا تو اسے پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت جوڈیشل کمیشن سے ڈر رہی ہے کیوں کہ وہاں آر او سے سوال ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کہتی ہے کہ ٹریبونل کے فیصلے جوڈیشل کمیشن میں نہیں رکھ سکتے، حکومت کا یہ مطالبہ تسلیم نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کیلیے حکومت اور اپنا ڈرافٹ قوم کے سامنے رکھیں گے۔

عمران خان نے ایک مرتبہ پھر احتجاج کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم سڑکوں پر نکلیں گے، ہمارے پاس اسٹریٹ پاور ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس دن ملک بند کرنے کا فیصلہ کرلیا، ن لیگ کے لیے حکومت کرنا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں، وہاں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی۔

عمران خان نے اس موقع پر رواں سال کو الیکشن کا سال قرار دیا۔ 

Read Comments