Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2015 06:55pm

مشیل اوباما کو سونے چاندی سے بنی ساڑھیوں کا تحفہ

امریکی خاتون اول بھارت پہنچیں اور خالی ہاتھ لوٹ جائیں ایسا ہو نہیں سکتا کیونکہ ہندوستان کے وزیراعظم نے ان کے لئے خاص طور پر تیار کردہ سو ساڑیوں کا تحفہ تیار کر رکھا ہے۔

جی ہاں ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی مشیل اوباما کو دورے کے دوران سونے اور چاندی کے دھاگوں سے تیار کی گئی سو ساڑھیاں بطور تحفہ دیں گے۔

نریندرا مودی کے حلقہ انتخاب اور بنارسی ساڑیوں کے لئے مشہور شہر ورانسی میں وزیراعظم کی ہدایت پروہاں کے ماہر کاریگروں سے سو ساڑھیاں تیار کرائی گئی ہیں جو مشیل اوباما کو تحفے میں دی جائیں گی۔

کہا جارہا ہے کہ ان کاریگروں نے اس تحفے کی تیاری میں کئی ماہ اس توقع کے ساتھ لگائے ہیں کہ امریکی خاتون اول ان ساڑھیوں کو زیب تن کرکے صدیوں پرانے اس شہر کی مقبول ترین صنعت کو دنیا بھر میں فروغ دیں گی۔

ایک کاریگر پرویز متین نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم نے مشیل اوباما کو پیش کی جانے والی ساڑھیوں کو خالص سونے اور چاندی کے دھاگوں سے تیار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ساڑھیوں کو دستی لوم میں ہمارے ورکرز نے دو ماہ سے زائد محنت کرکے تیار کیا ہے۔

پرویز متین کی تیار کردہ ایک ساڑھی کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے ہے اور مشیل اوباما کو یہ سو دی جارہی ہیں اس طرح وہ انہیں ڈیڑھ کروڑ روپے کا تحفہ ہندوستان کی جانب سے دیا جارہا ہے۔

ورانسی میں چالیس ہزار ساڑھیاں بنانے والے کاریگر کام کرتے ہیں جن میں بیشتر مسلمان ہیں۔

Read Comments