Dawn News Television

شائع 27 جنوری 2015 01:05pm

پاکستان کو لگاتار دوسرے ٹور میچ میں شکست

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا پردہ ہر گزرتے دن کے ساتھ فاش ہوتا جا رہا ہے اور نیوزی لینڈ بورڈ پریذیڈنٹ الیون کی ٹیم کے ہاتھوں قومی ٹیم کو لگاتار دوسرے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا اور 79 رنز پر پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

گزشتہ میچ کی طرح اس مرتبہ بھی عمر اکمل اور مصباح الحق نے ٹیم کو بحرانی صورتحال سے نکالنے کا بیڑا اٹھایا اور 116 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 195 رنز تک پہنچا دیا، عمر نے 77 رنز بنائے۔

کپتان مصباح نے بلاول بھٹی کے ساتھ مل کر ایک اچھی ساجھے داری قائم کی اور اسکور کو 267 تک پہنچا دیا۔

بلاول نے 23 اور مصباح نے 88 رنز کی شاندار باری کھیلی۔

جواب میں پریذیڈنٹ الیون کی ٹیم بھی 59 رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم ہو چی تھی لیکن مائیکل پولارڈ تن تنہا پاکستانی باؤلنگ کے سامنے ڈٹ گئے۔

انہوں نے دیگر بلے بازوں کے ساتھ مل کر شراکتیں قائم کیں اور جب وہ 153 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے تو ان کی ٹیم کو جیت کے لیے 22 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے۔

اس کے بعد مزید دو وٹیں گریں لیکن میزبان ٹیم نے اسکول ایک گین قبل نو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یہ قومنی ٹیم کی لگاتار دوسرے ٹور میچ میں شکست ہے جہاں اس سے قبل نیوزی لینڈ بورڈ الیون نے چھ وکٹ سے فتح اپنے نام کی تھی۔

Read Comments