Dawn News Television

شائع 27 جنوری 2015 08:00pm

نارائن کی ورلڈ کپ اسکواڈ سے دستبرداری کا امکان

مشہور ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن ممکنہ طور پر ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ سے دستبردار ہو جائیں گے جس سے عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کی مشکلات میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

سنیل نارائن کا ایکشن انڈین پریمیئر لیگ کے دوران مشکوک رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد انہیں ہندوستانی بورڈ کے زیر اہتمام کسی بھی ایونٹ میں باؤلنگ سے روک دیا گیا۔

اس پابندی کے بعد ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے عالمی سطح پر پابندی کے ڈر سے ناصرف نارائن کو انڈیا کے دورے پر لے جانے سے گریز کیا بلکہ ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے بھی ان کا انتخاب زیر غور نہیں آیا۔

لیکن متعدد اہم سیریز سے ڈراپ کیے جانے کے باوجود اسپنر کو ورلڈ کپ کے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا جس پر ماہرین کرکٹ نے کافی حیرانگی کا اظہار کیا تھا اور ان کا ماننا تھا کہ نارائن ورلڈ کپ میں باؤلنگ کرنے کی صورت میں مزید مشکلات کا شکار ہو جائیں گے اور ان کا اسکواڈ میں انتخاب کسی بڑے معمے سے کم نہیں۔

نارائن کی ورلڈ کپ سے ممکنہ دستبرداری سے ویسٹ انڈین ٹیم مزید مشکلات سے دوچار ہو جائے گی جہاں اسکواڈ سے پہلے ہی مشہور آل راؤنڈرز ڈیوین براوو اور کیرون پولارڈ بھی ڈراپ کیا جا چکا ہے۔

Read Comments