Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2015 04:11pm

‘گورنر پنجاب کا استعفیٰ غیر معمولی نہیں’

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کا عہدے سے مستعفی کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام نیوز آئی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ چوہدری سرور کے استعفے سے صوبے میں کوئی سیاسی بحران آسکتا ہے کیونکہ ماضی میں بھی بہت سے گورنر اپنے عہدوں سے مستعفیٰ ہوئے ہیں۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی جماعت ایک ڈیتھ پولیٹیکل پارٹی ہے جس میں اختلافِ رائے موجود نہیں۔

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کے گورنر چوہدری سرور نے گزشتہ روز جمعرات کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے چوہدری محمد سرور کے حکومت مخالف بیانات پر اظہار ناپسندیدگی کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری محمد سرور نے لارڈ نذیر اور دیگر دوستوں سے مشاورت کے بعد مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

یاد رہے کہ انہوں نے 2 اگست سن 2013 کو اس عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔

مستعفی ہونے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ وہ بطور گورنر جس طرح عوام کی خدمت کرنا چاہتے تھے وہ نہیں کر سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کافی پہلے ہی اس عہدے سے مستعفی ہونا چاہتا تھا مگر سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی درخواست پر انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا۔

Read Comments