Dawn News Television

شائع 31 جنوری 2015 04:39pm

ڈیوین براوو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

انٹیگا: ویسٹ انڈین آل راؤنڈ ڈیوین براوو نے ٹیسٹ کرکٹ میں موقع نہ دیے جانے پر فوری طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

براوو ے آخری مرتبہ دسمبر 2010 میں پالے کیلی میں سری لنکا کے خلاف ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے میں مکمل جذبے کے ساتھ اپنا بہترین کھیل پیش کرتا رہا ہوں اور اس بات سے بھرپور طریقے سے واقف ہوں کہ میں اس کے کھیل عوام کی نمائندگی کر رہا ہوں۔

ویسٹ انڈین کرکٹر کا یہ فیصلہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب انہیں ورلڈ کپ 2015 کے لیے 15 رکنی ویسٹ انڈین اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

براوو کی زیر قیادت ویسٹ انڈیز نے اکتوبر میں ہندوستان کا دورہ ادھورا چھوڑ دیا تھا جس کے بعد سے آل راؤنڈر اور ویسٹ انڈین بورڈ کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔

آل راؤنڈر نے واضح کیا کہ وہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

براوو نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا ڈیبیو 2004 میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ سے کیا تھا۔

انہوں نے 40 ٹیسٹ میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرتے ہوئے 31.42 کی اوسط سے دو ہزار 200 رنز بنائے جبکہ 86 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

Read Comments