Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 فروری 2015 10:47pm

کرکٹ شائقین نے معین خان کے گھر پرانڈے اور ٹماٹر برسادیئے

کراچی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی اور معین خان کے کیسینوں اسکینڈل کے بعد آج (جمعرات) کے روز کرکٹ شائقین نے ان کے گھر کے باہر جمع ہو کر احتجاج کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ناراض شائقین نے معین خان کے گھر کے باہر انڈے، ٹماٹر پھینکےاور ان کیخلاف نعرے لگائے، جس پر انتطامیہ نے مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پولیس کو طلب کرلیا۔

کرکٹ کا ایک نوجوان مداح معین خان کے کیسینو جانے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ائیرپورٹ کے باہر معین خان پر انڈے پھینکنے کے لیے لایا تھا تاہم معین خان نہ ملے تو اس نے احتجاج کرتے ہو ئے انڈے اپنے سرپر ہی پھوڑ لیے۔

مزید پڑھیں: معین خان کو پاکستان واپس بلا لیا گیا

ادھر معین خان جب آج دوپہر کراچی ائیرپورٹ پہنچے تو کئی گھنٹوں تک ائیر پورٹ سے باہر نہیں آئے اور شام 6 بجے ائیرپورٹ سے نکلے تو رات دیر گئے تک گھر نہیں پہنچے۔

کرکٹ شائقین کا گھر کے باہر احتجاج اور میڈیا سے بچنے کے لیے معین خان نے ائیر پورٹ سے گھر جانے والا راستہ بھی تبدیل کیا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے آج ایک بیان میں میں کہا ہے کہ معین خان کےخلاف مزیدکارروائی نہیں ہوگی اور بطور چیف سلیکٹر ورلڈ کپ معین کا آخری اسائنمنٹ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کیسینو جانے پر معین خان سے وضاحت طلب

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ معین خان گھر بیٹھ کر بھی اپنے مؤقف سے آگاہ کرسکتے ہیں۔

پی سی بی نے چیف سیلیکٹر معین خان کو ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ سے پہلے نیوزی لینڈ میں ایک جوئے خانے پر جانے کی وجہ سے پاکستان واپس بلایا تھا۔

معین خان کو بلانے کا فیصلہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے پی سی بی کی ایک ایمرجنسی میٹنگ میں کیا تھا۔

پاکستان ٹیم کے مینیجر نوید چیمہ نے بھی تصدیق کی تھی کہ اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

قومی ٹیم کی خراب کارکردگی پر رنجیدہ شائقین نے چیف سلیکٹر کے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے قبل جوا خانے میں دیکھے جانے کی رپورٹس پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔

Read Comments