Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 مارچ 2015 04:38pm

زمبابوے کو شکست، پاکستان کی ورلڈ کپ میں پہلی جیت

برسبین: پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں زمبابوے کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا اور صرف چار رنز پر دونوں اوپنرز ناصر جمشید اور احمد شہزاد پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان نے میچ میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے آؤٹ آف فارم یونس خان کی جگہ راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا۔

اس موقع پر کپتان مصباح الحق اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ کے لیے 54 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستانی بیٹنگ کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن اسی موقع پر حارث سہیل وکٹ گنوا بیٹھے۔

نئے آنے والے بلے باز عمر اکمل نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے کپتان کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 19 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 127 تک پہنچایا۔

اسی مجموعے پر عمر اکمل شین ولیمز کی گیند پر پویلین لوٹے جبکہ ایک گیند بعد ولیمز نے شاہد آفریدی کی وکٹیں بکھیر کر پاکستانی ڈریسنگ روم میں کھلبلی مچا دی۔

دوسرے اینڈ موجود مصباح ساتھیوں کی پویلین واپسی کا منظر دیکھتے رہے لیکن اپنی جگہ ثابت قدم رہے، انہوں نے صہیب مقصود کے ساتھ 28 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 155 کے مجموعے پر صہیب بھی 21 رنز بنا کر داغ مفارقت دے گئے۔

اس موقع پر پاکستانی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی اور کریز پر مصباح کو وہاب ریاض نے جوائن کیا۔

انہوں نے مصباح کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تو دونوں کھلاڑیوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 47 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے پاکستان کو 200 کا ہندسہ پار کرایا۔

پاکستان کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب مصباح بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 73 رنز بنانے کے بعد باؤنڈری پر کیچ ہوئے۔

وہاب ریاض نے اختتامی اوورز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 235 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے ناقابل شکست 54 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے ٹنڈائی چتارا نے تین جبکہ شان سلیمز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

زمبابوے نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد عرفان نے 22 کے مجموعے پر دونوں اوپنرز کو پویلین کی راہ دکھا دی۔

ہملٹن مساکاڈزا اور برینڈن ٹیلر نے تیسری وکٹ کے لیے 52 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو خطرات سے دوچار کیا لیکن عرفان نے ایک بار پھر پاکستان کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے ہملٹن مساکاڈزا کو مصباح کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

برینڈن ٹیلر نے دوسرا اینڈ سنبھالتے ہوئے شان ولیمز کے ساتھ مل کر اسکور کو 128 تک پہنچایا لیکن وہاب ریاض نے ان کی پیش قدمی روکتے ہوئے زمبابوے کو چوتھا اور اہم نقصان پہنچایا، انہوں نے 50 رنز بنائے۔

راحت علی نے پاکستان کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 150 کے مجموعی اسکور پر شین ولیمز کو میدان بدر کر دیا۔

اسکور 166 تک پہنچا ہی تھا کہ زمبابوے کو تین رنز کے اضافے سے تین وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔

اس موقع پر زمبابوین کپتان ایلٹن چگمبرا نے تیزی سے رنز بناتے ہوئے اپنی ٹیم کے 200 رنز مکمل کر دیے۔

شاہد آفریدی نے اختتامی اوورز میں میڈن اوور کرا کر زمبابوے کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔

اختتامی اوورز میـں پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے باعث زمبابوین ٹیم 215 رنز کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان نے 20 رنز سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی۔

پاکستان ی جانب سے محمد عرفان اور وہاب ریاض نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔

وہاب ریاض کو آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Read Comments