Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 مارچ 2015 11:02pm

زرداری کی بلاول سے اختلافات کی تردید

اسلام آباد: سابق صدرچیئرمین آصف علی زرداری نے اپنے بیٹے بلاول بھٹو زرداری سے کسی بھی قسم کے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایک ہی بیٹا ہے اس سے کیسے اختلافات ہوسکتے ہیں‘۔

آصف علی زرداری اوران کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کے درمیان گذشتہ کچھ ہفتوں سے اختلافات کی خبریں گردش کررہی تھیں۔

اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق صدر کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے بلاول سے اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں اور ان میں صداقت نہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت ملک میں آزاد اور با اختیار الیکشن کمشن کا قیام چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات پر ان کی جماعت وائیٹ پیپر جاری کرے گی اور وائٹ پیپر کی روشنی میں انتخابی اصلاحات پربات کی جائے گی۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں لانا حکومت کا مسئلہ ہے۔

اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا گیا کہ سینٹ انتخابات کیلئے خیبر پختونخواہ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر پیپلزپارٹی اور جمیعت علمائے اسلام نے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

دونوں رہنماوں کا موقف تھا کہ پی ٹی آئی 22ویں آئینی ترمیم کے بہانے پارلیمنٹ میں واپسی کی خواہشمند ہے۔

امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے ارکان اسمبلی پر اعتماد ہے اور وہ ہارس ٹریڈنگ کی باتوں سے پریشان نہیں۔

Read Comments