Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2015 04:30pm

آئرلینڈ کو 201 رنز سے شکست

کینبرا: جنوبی افریقہ نے آئرلینڈ کو 201 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر کوارٹر فائنل تک رسائی کی امیدیں مزید روشن کر لی ہیں۔

کینبرا میں کھیلنے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کوئنٹن ڈی کوک صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

فاف ڈی فیلیسی اور ہاشم آملا نے آئرش باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور دوسری وکٹ پر247 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر بڑے اسکور کی راہ ہموار کردی۔

فاف ڈیو پلیسی 109 رنزبنا کرآؤٹ ہوئے، جبکہ ہاشم آملا نے ورلڈکپ اورون ڈے کیرئیر کی بیسٹ اننگز کھیلی اور128 گیندوں پر16 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 159 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

جبکہ کپتان اے بی ڈویلیئرز 24 رنزبنا کرآؤٹ ہوئے۔ اس طرح جنوبی افریقا نے چاروکٹوں کے نقصان پر411 رنزبناکر آئرلینڈ کو جیت کے لیے 412 رنز کا ہدف دیا۔

412 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرش ٹیم شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی اور صرف 48 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی۔

اس موقع پر اینڈی بلبرائن اور کیون اوبرائن نے چھٹی وکٹ کے لیے 81 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کے کچھ آنسو پونچھے لیکن 129 کے اسکور پر بلبرائن 58 رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔

اس کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور پوری ٹیم 210 رنز پر پویلین لوٹ گئی، کیون اوبرائن نے 48 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کائل ایبٹ نے چار، مورنے مورکل نے تین اور ڈیل اسٹین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہاشم آملا کو 159 رنز کی شاندار باری کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

'پاکستان کے لیے امید'

اس میچ میں شکست کے بعد آئرلینڈ کی کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی کی امیدیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں کیونکہ 210 سے ہارنے کے بعد ان کا رن ریٹ انتہائی کم ہو گیا ہے جو یقیناً تشویشناک بات ہے۔

اب پاکستان بدھ کو متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر اپنا رن ریٹ بہتر بنا لے گی تو دوسری جانب آئرلینڈ کو اپنے دونوں میچ زمبابوے اور پاکستان جیسے مشکل حریفوں سے کھیلنے ہیں اور انہیں دونوں ہی میچوں میں فتح کی ضرورت ہو گی۔

Read Comments