Dawn News Television

شائع 03 مارچ 2015 02:26pm

شعیب اختر مصباح کے گن گانے لگے

پاکستان کرکٹ کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر زمبابوے کیخلاف ورلڈکپ میں پہلی کامیابی کے بعد مصباح الحق کے گن گانے لگے ہیں۔

گزشتہ دنوں مصباح الحق پر شدیدتنقید کرنے والے شعیب اختر نے یوٹرن لیتے ہوئے کہاہے کہ مصباح نے زمبابوے کیخلاف عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ جس کی بدولت پاکستان حریف ٹیم کو 200سے زائد ہدف دینے میں کامیاب ہوا۔

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق فاسٹ باؤلر نے پاکستانی کپتان کی مداح سرائی کرتے ہوئے کہا کہ مصباح کی عمدہ کپتانی کے سبب ٹیم کو پہلی کامیابی نصیب ہوئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ میں پے درپے شکستوں کے بعد شعیب اختر نے مصباح کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں اتنا بزدل کپتان نہیں دیکھا۔

شعیب اختر نے زمبابوے کے خلاف فتح کو سراہتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں اس وقت مصباح کو مکمل تعاون کی ضرورت ہے کیونکہ وہ تنہا پوری ٹیم کا بوجھ نہیں سنبھال سکتے۔

انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ قومی ٹیم کو سپورٹ کرونگا چاہے ٹیم جیتے یا ہارے لیکن قومی ٹیم اچھا کھیل پیش نہیں کریگی تو میں ضرور تنقید کرونگا۔

Read Comments