Dawn News Television

اپ ڈیٹ 05 مارچ 2015 01:35pm

’ناصر جمشید بکرے صدقہ کریں‘

نیپیئر: پاکستانی اوپنر ناصر جمشید ان دنوں شدید دباؤ کا شکار ہیں اور وہ بیٹنگ میں مسلسل ناکامی کے ساتھ ساتھ آسان کیچز بھی ڈراپ کررہے ہیں۔

ناصر جمشید کو آل راؤنڈر محمد حفیظ کے زخمی ہونے کے سبب ورلڈ کپ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن وہ اپنا انتخاب اب تک درست ثابت نہ کر سکے۔

ناصر کی سلیکشن پر ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز میں ڈیڈلاک بھی رہا۔

روزنامہ جنگ کے مطابق اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے اب ساتھی کھلاڑیوں نے ناصر جمشید کو مشورہ دیا ہے کہ بکروں کا صدقہ دیں تاکہ ان کی کارکردگی میں بہتری آسکے۔

واضح رہے کہ ناصر جمشید بیٹنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ میں بھی مکمل طور پر ناکام نظر آئے ہیں۔

اب تین میچوں میں ناصر جمشید صرف پانچ رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔

اوپنر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف صفر، زمبابوے کے خلاف ایک اور متحدہ عرب امارات کے خلاف چار رنز بنائے۔

صرف یہی نہیں بلکہ وہ فیلڈنگ میں بھی مسلسل کیچز ڈراپ کرنے کے ساتھ ساتھ مس فیلڈنگ بھی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی جگہ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو کھلانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

Read Comments