Dawn News Television

اپ ڈیٹ 07 مارچ 2015 03:31pm

جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح

وکٹ کیپر، بیٹسمین سرفراز احمد اور باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی افریقا کو 29 رنز سے شکست دے کر کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی کے امکانات روشن کر لیے ہیں۔

ابر آلود موسم میں جنوبی افریقا کی جانب سے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی گئی، تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 222 رنز پر پویلین لوٹ گئی لیکن بارش کی وجہ سے جنوبی افریقا کو میچ میں جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف دیا گیا۔

جنوبی افریقا نے بیٹنگ شروع کی تو اننگ کی دوسری ہی گیند پر محمد عرفان کے ہاتھوں کوئنٹن ڈی کوک آؤٹ ہوگئے۔ بعد میں ہاشم آملا اور فاف ڈیو پلیسی کے آؤٹ ہوجانے کے بعد جنوبی افریقا کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور یکے بعد دیگر وکٹیں گرتی رہیں۔

اس موقع پر کپتان اے بی ڈٰ ویلیئرز نے اپنی ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم جب ڈی ویلیئرز 77 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو میچ میں پاکستان کی جیت کی راہ ہموار ہو گئی اور وہاب ریاض نے 202 کے مجموعی اسکور پر عمران طاہر کو آؤٹ کر کے پاکستان کو یادگار فتح سے ہمکنار کرایا۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمد عرفان، راحت علی اور وہاب ریاض نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

سرفراز احمد کو 49 رنز بنانے اور چھ کیچ پکڑنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان نے کسی ورلڈ کپ میچ میں جنوبی افریقا کو شکست دی۔

Read Comments