Dawn News Television

شائع 23 مارچ 2015 12:49pm

شلپا شیٹھی پر جعل سازی کا مقدمہ

کولکتہ کی ایک کمپنی نے بولی وڈ اداکارہ شلپا شھٹی کے خلاف پولیس میں دھوکہ دہی کی رپورٹ درج کرائی ہے۔

پولیس کے مطابق، رپورٹ میں دعوی کیا گیا کہ شلپا نے دھوکے سے درخواست گزار ایم کے میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کو اپنی کمپنی میں نو کروڑ انڈین روپے کی سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا۔

پولیس نے شلپا اور اسینشیل سپورٹس اینڈ میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ریپو سدن کندرا کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر پولیس مرلی دھار نے آئی اے این ایس کو بتایا 'ہم نے شلپا اور ان کی کمپنی کے خلاف دھوکہ دہی، بھتہ خوری، مجرمانہ سازش، مجرمانہ دھمکیوں اور بد اعتمادی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا'۔

درخواست گزار کمپنی نے پولیس رپورٹ میں دعوی کیا کہ شلپا اور دوسروں نے مبینہ طور پر ان سے وعدہ کیا تھا کہ نو کروڑ روپے کی سرمایہ کاری پر انہیں دو سال کے اندر اندر دس گنا منافع ملے گا۔

کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ نو کروڑ روپے سرمایہ کاری پر انہیں 30 لاکھ روپے مالیت کے بوگس ایکویٹی شیئر دیے گئے۔

Read Comments