Dawn News Television

شائع 26 مارچ 2015 01:15pm

یمن آپریشن: سعودی درخواست پرغور جاری، پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پڑوسی ملک یمن میں باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی کے حوالے سے رابطہ کیا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے جمعرات سعودی حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ پاکستان اور مصر سمیت 5 مسلمان ملک یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری کارروائی میں حصہ بننا چاہتے ہیں۔

یمن میں جاری خانہ جنگی کے بعد سعودی عرب نے یمنی حکومت کو حوثی باغیوں کے خلاف مدد فراہم کرتے ہوئے فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔

العربیہ کے مطابق، اس آپریشن میں متحدہ عرب امارات کے 30، بحرین 15، کویت15، قطر 10 اور اردن کے 6جنگی جہاز حصہ لے رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بتایا کہ یمن میں بحران کے حوالے سے سعودی عرب نے پاکستان سے ہنگامی رابطہ کیا ہے اور'ہم اس معاملے پر ابھی غور کر رہے ہیں'۔

ترجمان کے مطابق، یمن میں پاکستان مشن کو الرٹ کر دیا گیا۔

Read Comments