Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 مارچ 2015 11:07am

ورلڈ کپ فائنل: کس کو برتری حاصل؟

سڈنی: آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 کا فائنل اتوار کے روز آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 4وکٹوں سے شکست سے دی تھی جبکہ آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں کنیگروز نے ہندوستان کو 95 رنز سے ہرایا۔

اب تک کھیلے گئے 10 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں آسٹریلیا 6 دفعہ فائنل تک رسائی حاصل کر چکا ہے، جس میں سے 4 بار فتح یاب ہو کر ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔

آسٹریلیا اب ساتواں فائنل نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنے کی تیاری کر رہا ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔اس سے قبل بلیک کیپس تمام ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں فائنل سے قبل ہی باہر ہوتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2015 کے فائنل میں آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہونے کے باوجود نیوزی لینڈ کی برتری برقرار ہے۔

اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے 7 میچ کھیلے جن میں سے 5میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ سے شکست کے علاوہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ موسم کی خراب صورتحال کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ اس ورلڈ کپ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی۔

یہ بھی یاد رہے کہ ورلڈکپ 2015 کے گروپ میچز میں دونوں ٹیموں کا ایک مرتبہ ٹاکرا ہو چکا ہے جس میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر برتری حاصل کی تھی اسی بنا پر نیوزی لینڈ کو فائنل کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

Read Comments