Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 مارچ 2015 08:51pm

کیوی کپتان کی انکساری

میلبورن:نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کلم نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کئی کھلاڑی کرکٹ سے ریٹائر ہونے جا رہے ہیں۔

بلیک کیپس کے کپتان نے اتوار کو انکساری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریٹائرمنٹ کے اعلان کو کچھ دنوں کیلئے روکا گیا ہے کیونکہ آسٹریلیا نے ورلڈ کپ جیتا ہے اور ایسے میں وہ میڈیا کی بھرپور توجہ کے مستحق ہیں۔

برینڈن کے مطابق، نیوزی لینڈ کے کھلاڑی اس وقت میڈیا کی سرخیوں میں نہیں آنا چاہتے کیونکہ فی الحال یہ آسٹریلیا کا حق ہے۔

میلبورن کرکٹ میدان میں ریکارڈ 93013 تماشائیوں کے سامنے آج آسٹریلیا نے 34ویں اوور میں مقررہ 184 رنز بنا کر پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔

قیاس آرائیاں ہیں کہ ریٹائر ہونے والے کیوی پلیئرز میں سینئر سپنر ڈینیل وٹوری سرفہرست ہیں۔

وٹوری کے علاوہ 33 سالہ کپتان مک کلم کا نام بھی سامنے آ رہا ہے لیکن انہوں نے فی الحال نیوزی لینڈ کی شکست کے باعث کھلاڑیوں کے نام بتانے سے گریز کیا۔

مک کلم نے فائنل میچ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ 'ہم دھول کے بیٹھنے کا انتظار کریں گے۔ ہم یقیناً اگلے دو تین دنوں تک ہیڈ لائنز کا حصہ بننا نہیں چاہتے کیونکہ یہ آسٹریلیا کا حق ہے '۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس ختم ہونے پر صحافیوں کے لیے تالیاں بھی بجائیں۔ پریس کانفرنس میں کیوی کپتان نے تسلیم کیا کہ آسٹریلیا نے انہیں باآسانی زیر کیا۔

'تمام تعاریفیں آسٹریلیا کیلئے ہونے چاہیئں کیونکہ انہوں نے اتنے بڑے موقع پر اور اتنے بڑے سٹیج پرصحیح اور اہم لمحات میں ڈیلیور کیا'۔

'ہم ان سے کچھ سبق سیکھیں گے لیکن بعض اوقات آپ کو تسلیم کرنا چاہیے کہ آپ ریس میں دوسرے نمبر پر ہی رہے'۔

انہوں نے گرانٹ ایلوٹ، مارٹن گپٹل اور وٹوری کو آؤٹ کرنے کے بعد آسڑیلوی باؤلرز کے جملے بازی پر تنقید کرنے سے بھی گریز کیا۔

'میرے خیال میں ہماری توجہ چھوٹے موٹے معاملات کے بجائے اس پر ہونی چاہیے کہ آج آسٹریلیا نے کیسا پرفارم کیا اور وہ آج کس طرح اس جیت کے مستحق تھے'۔

Read Comments