Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2015 12:55pm

کرنل عظیم قتل: ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کرلی

پشاور: گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل طاہر عظیم کے قتل کی ذمہ داری کالعدم تحریک پاکستان طالبان (ٹی ٹی پی) نے قبول کرلی ہے۔

ٹی ٹی پی ترجمان محمد خراسانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرنل طاہرعظیم کو قتل کرکے اپنے 'مجاہدین کی شہادت' کا بدلہ لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اتوارکو نامعلوم حملہ آوروں نے پشاور کے علاقے حیات آباد فیز تھری چوک میں اباسین مارکیٹ کے قریب کرنل طاہر عظیم پر اُس وقت فائرنگ کردی جب وہ نماز کی ادائیگی کے بعد اپنے گھر واپس جا رہے تھے۔

مزید پڑھیں:پشاور: پاک فوج کے کرنل طاہر عظیم قتل

فائرنگ سے کرنل عظیم موقع پر دم توڑ گئے جب کہ پولیس نے اسے ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ قرار دیا کیوں کہ شواہد کے مطابق مقتول کرنل کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی۔

کرنل طاہر عظیم راولپنڈی میں تعینات تھے اور اپنی فیملی سے ملنے کے لیے پشاور آئے ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ مقتول کرنل کے بھائیوں وقاص اور شکیل کو بھی 2004 اور 2005 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔

Read Comments