Dawn News Television

شائع 30 مارچ 2015 03:07pm

آئی سی سی ورلڈکپ 2015 کی ٹیم کا اعلان

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈکپ 2015 کی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں برینڈن میک کولم کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

ورلڈکپ کا فائنل میں ایونٹ کے مشترکہ میزبانوں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا جس میں کینگروز نے کیویز کو سات وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر پانچویں مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم برینڈن میک کولم کی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت سیمی فائنل تک ناقابل شکست رہنے کے بعد فائنل میں شکست سے دوچار ہوئی۔

آئی سی سی کی جانب سے اعلان کی گئی ٹیم میں نیوزی لینڈ کے پانچ، آسٹریلیا کے تین، جنوبی افریقا کے دو اور سری لنکا کا ایک کھلاڑی شامل ہے جب کہ ورلڈکپ کے چھ میچوں میں 433 رنز بنانے والے زمبابوے کے برینڈن ٹیلر کو بارہویں کھلاڑی کی حیثیت ٹیم میں منتخب کیا گیاہے۔

اس ٹیم میں پاکستان اور دفاعی چیمپئن ہندوستان کی ٹیموں میں سے کوئی بھی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔

ٹیم کا انتخاب کرنے والے پینل کے چیئرمین آئی سی سی کے جنرل منیجر جیوف الارڈک کے مطابق پینل کے لیے 12 کھلاڑیوں کا انتخاب کافی مشکل تھا کیونکہ ان کے سامنے وہاب ریاض سمیت بیشتر کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگیاں تھیں۔

آئی سی سی کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

برینڈن میک کولم (کپتان) ، مارٹن گپٹل، کمار سنگاکارا (وکٹ کیپر)، اسٹیو اسمتھ، اے بی ڈیولیئرز، کورے اینڈرسن، ڈینیل وٹوری، مچل اسٹارک، ٹرینٹ بولٹ،مورنے مورکل اور برینڈن ٹیلر (بارہویں کھلاڑی)۔

Read Comments