Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2015 10:37pm

کشمیر میں سیلاب سے چھ ہلاکتیں

کشمیر میں سیلاب سے چھ ہلاکتیں

سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سب سے بڑے شہر سری نگر میں سیلاب کے باعث بہت سے افراد لاپتہ جبکہ ہزاروں متاثرین تاحال امداد کے منتظر ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق کشمیر کے ضلع بٹ گرام کے علاقے شدورا میں مٹی کے تودے گرنے سے پیر کو رات گئے چھ افراد ہلاک ہو گئے، جن کی لاشیں بعد میں نکال لی گئیں۔

سینئر پولیس افسر جاوید گیلانی نے اے ایف پی کو چھ لاشیں ملنے کی تصدیق کی۔

علاقے میں شدید بارش کے باعث لوگ اپنے گھروں سے چلے گئے جبکہ پولیس متاثرین کی امداد کر رہی ہے۔

حکومت نے پیر کو سیلاب آنے کا الرٹ دیا تھا جس کے بعد اب تک 237 خاندانوں کو شدورا سے نکالا جا چکا ہے۔

آئندہ چند روز تک مزید بارش کی پیشن گوئی کے بعد حکام نے سرینگر میں ریلیف کیمپ قائم کرتے ہوئے جہلم کے قریب رہنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔

سری نگر کے ایک رہائشی نے اے ایف پی کو بتایا کہ کم سے کم ایک سال میں دو دفعہ سیلاب آچکا ہے اور وہ اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور اور اب رشتہ داروں کے ساتھ رہائش پزیر ہے۔

سرینگر کے لوگوں نے بتایا کہ اب ان کو حکومت سے کوئی امید نہیں ہے اور وہ گزشتہ سالوں سے ان آفتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

مقامی باشندوں نے کشمیر کی حکومت کو 2014 میں آنے والی آفت کے حوالے سے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بتایا کہ 'ہم اپنی مدد خود کر رہے ہیں اور اپنے بچاؤ کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں'۔

Read Comments