Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 اپريل 2015 09:25pm

’اپنے جذبات قابو پر رکھو‘

دنیائے کرکٹ کے لیجنڈ اور سابق آسٹریلین کپتان نے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو گراؤنڈ میں مزاج ٹھنڈا رکھنے اور جذبات پر قابو رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

آسٹریلیا کو ناقابل تسخیر ٹیسٹ ٹیم کی شکل دینے والے سابق آسٹریلین لیجنڈ نے کہا کہ کوہلی کو میچور ہونے کی ضرورت ہے، ورلڈ کپ میں بھی ان کے ساتھ مسائل تھے، وہ بہت زیادہ جذباتی ہوئے تو کبھی بہت زیادہ دکھاوا کرتے نظر آئے جبکہ کچھ مواقعوں پر بات کو ذاتی حد تک لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان میں بہت برداشت اور تحمل کا مادہ ہونا چاہیے، دھونی میں یہ خاصیت موجود ہے اور وہ چیزوں کو اپنے اوپر سوار نہیں کرتے۔

’وہ کوہلی کے لیے اچھے رول ماڈل ثابت ہو سکتے ہیں، انہیں شخصیت کو یقیناً برقرار رکھنا چاہیے لیکن دھونی سے بھی کچھ سیکھنا چاہیے‘۔

اسٹیو وا نے کہا کہ دھونی اس بات سے پریشان نہیں ہوتے لوگ ان کے بارے میں کیا کہہ رہے ہیں، بیرونی چیزیں ان پر اثر انداز نہیں ہوتیں، وہ چیزوں کو آسان رکھتے ہوئے فیلڈ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوہلی جس جذبے سے کھیلتے ہیں مجھے وہ بہت پسند ہے، یہ ہندوستانی ٹیم کا اثاثہ ہے لیکن انہیں اسے بہترین طریقے سے استعمال کرنے اور اسمارٹ بننے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ کوہلی ایک عرصے سے اپنی جذباتیت اور غصے کی وجہ سے میڈیا اور سابق کھلاڑیوں کی تنقید کی زد میں ہیں۔

دورہ آسٹریلیا میں دھونی کی غیر موجودگی میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے وہ کئی مرتبہ غصے میں آپے سے باہر ہو گئے اور ان کی آسٹریلین کھلاڑیوں سے متعدد زبانی جھڑپیں کیمرے نے قید کر لیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ ورلڈ کپ کے دوران ایک صحافی نے ان کی گرل فرینڈ انوشکا شرما کے حوالے سے ایک آرٹیکل شائع کیا جس پر کوہلی اس وقت تنازع میں پڑ گئے جب انہوں نے صحافی سے شدید بدتمیزی کی۔

اس پر ستم ظریفی یہ کہ صحافی بھی وہ نہیں نکلا جس نے وہ آرٹیکل لکھا تھا اور انہوں نے غلط فہمی میں کسی اور صحافی کو تضحیک کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے تنازع نے مزید طول پکڑ لیا۔

اس معاملے پر نہ صرف کوہلی کو صحافی سے معافی مانگنی پڑی بلکہ ہندوستانی بورڈ کو باقاعدہ ایک بیان جاری کرنا پڑا۔

پھر ورلڈ کپ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ایک رن پر آؤٹ ہونے پر شائقین نے انہیں اور ان کی گرل فرینڈ کو آڑے ہاتھوں جس پر ایک عرصے تک تو کوہلی کچھ نہ بولے لیکن آئی پی ایل شروع ہونے سے قبل انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران غصے میں تمام ناقدین اور شائقین کو کھری کھری سنا دی۔

Read Comments