Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 مئ 2015 05:50pm

اب آپ کا گمشدہ موبائل ڈھونڈے گا گوگل

نیویارک : آپ اپنے موبائل فون کو گم تو آسانی کرسکتے ہیں مگر بدقسمتی سے اسے دوبارہ تلاش کرنا کوئی آسان کام نہیں تاہم اب گوگل صارفین کی مدد کے لیے ایک دلچسپ فیچر کے ساتھ سامنے آیا ہے۔

جی ہاں گوگل نے آنڈرائیڈ صارفین کے لیے اپنا اسمارٹ فون تلاش کرنے کا عمل کافی آسان بنا دیا ہے بس اس کے لیے انہیں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے براﺅزر پرگوگل سرچ کھول کر "find my phone" ٹائپ کرنے کی ضرورت ہوگی۔

اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے صارفین کو ویب براﺅزر پر اسی گوگل اکاﺅنٹ سے لاگ ان ہونا ہوگا جو وہ اپنے موبائل فون پر استعمال کرتے ہو۔

اس کے علاوہ انہیں گوگل ایپ کا تازہ ترین ورژن بھی اپنی ڈیوائس پر انسٹال کرنا ہوگا اور یہ سب کرچکے ہو تو گوگل سرچ میں فائنڈ یور فون ٹائپ کرنے کے بعد ایک نقشہ سامنے آجائے گا۔

ایک بار جب گوگل کامیابی سے فون کو تلاش کرلے (اس کا آن ہونا اور آپ کی سم کا موجود ہونا ضروری ہے) تو پھر آپ دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کا فون اس وقت کہاں موجود ہے۔

یعنی اگر آپ کا فون گھر میں کسی جگہ گرا ہوا ہے اور مل نہیں رہا تو اس نقشے میں پتا چل جائے گا کہ وہ آپ کے ارگرد ہی موجود ہے یا گھر سے باہر کہاں تلاش کیا جاسکتا ہے۔

گھر میں موجود ہونے کی صورت میں آپ اس فیچر کے ذریعے ایمرجنسی بیل بھی موبائل پر بجا کر اس کو آسانی سے تلاش کرسکتے ہیں۔

پہلے اس کے لیے مختلف اپلیکشنز موجود تھیں مگر یہ نیا طریقہ کار بہت سادہ اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر بھی کارآمد ہے۔

اس کے علاوہ موبائل چھن جانے یا چوری ہوجانے کی صورت میں اس فیچر کے ذریعے موبائل میں موجود دیٹا ڈیلیٹ جبکہ موبائل کو لاک بھی کیا جاسکتا ہے۔

Read Comments