Dawn News Television

شائع 17 اپريل 2015 06:07pm

اجمل کے کیریئر کی بدترین باؤلنگ

میرپور: سعید اجمل کی بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچ سے آٹھ ماہ بعد عالمی کرکٹ میں واپسی ہوئی لیکن یہ ان کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھی۔

اجمل پر شمکوک باؤلنگ ایکشن کے باعث گزشتہ سال ستمبر میں باؤلنگ کرانے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے سابق سپر اسٹار ثقلین مشتاق کی مدد سے اپنے باؤلنگ ایکشن پر کام کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اسٹار باؤلر کو بغیر پریکٹس میچ کے دورہ بنگلہ دیش کے لیے تینوں طرز کی ٹیم کا حصہ بنایا لیکن اجمل کو پہلے ہی میچ میں بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں سعید اجمل 10 اوورز کے کوٹے میں 74 رنز دے کر سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے۔

یہ سعید اجمل کے کیریئر کی سب سے بدترین باؤلنگ ہے جہاں اس سے قبل مئی 2013 میں آئرلینڈ کے خلاف انہوں نے 10 اوورز میں 71 رنز دیے تھے اور کوئی بھی وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔

Read Comments