Dawn News Television

شائع 18 اپريل 2015 11:16am

'پاکستان،افغانستان کوغیرریاستی عناصرسے خطرہ'

کاکول: افغان آرمی چیف جنرل شیر محمد کریمی نے کہا ہے کہ خطے کے ممالک کو مشترکہ دشمن کا سامنا ہے، آج ممالک کو بیرونی سے زیادہ اندرونی خطرے کا سامنا ہے، پاکستان اور افغانستان کو غیر ریاستی عناصر سے سب سے زیادہ خطرہ ہے۔

پاک فوج کی کاکول میں ملٹری اکیڈمی میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کے موقع پر خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جنگ و امن کی صورتحال گزشتہ20، 30سال سے مختلف ہے، پاک افغان خطے کو شدید خطرہ لاحق ہے، غیر ریاستی عناصر خطے کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔

جنرل کریمی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان اور افغانستان کو نتیجہ خیز تعاون کی ضرورت ہے، غیر ریاستی عناصر کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے، پاکستان آرمی کی تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے، کیڈٹس کے لیے پاسنگ آؤٹ کی تقریب ہمیشہ یادگار رہتی ہے۔

افغان آرمی چیف نے تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فوجی خدمات کےلیے پیشہ ورانہ تربیت ہمیشہ ضروری ہوتی ہے، فوج میں معیاری تعلیم ہونا ضروری ہے، اگر ٹریننگ اور تعلیم کو استعمال نہ کیا جائے تو سب کی محنت کا ضیاع ہوگا۔

واضح رہے کہ 132ویں پی ایم اے (پاکستان ملٹری اکیڈمی) لانگ کورس میں دیگر ممالک کے کیڈٹس نے بھی تربیت مکمل کی۔

مختلف کورسز کرنے والے کیڈٹس کو اسناد اور میڈلز دیئے گئے ،بہترین کارکردگی دکھانے پر اعزازی شمشیر سینئر انڈر آفیسرذیشان اور صدارتی طلائی تمغہ سینئر آفیسر قیصر کو دیا گیا۔

Read Comments